پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اگلے سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے قبل تین اہم سٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نیسپاک کے نمائندوں نے سٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے بات کی۔
محسن نقوی نے اسٹیڈیم کو جدید بنانے کے منصوبے پر زور دیا جس کے تحت لاہور کے قذافی اسٹیڈیم، کراچی نیشنل اسٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز کپ سے قبل تینوں سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پلان کا حتمی مسودہ تین روز میں طلب کر لیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی جدید کاری کے لیے ڈرافٹ پلان کی تیاری کے ساتھ کام شروع ہوگا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا اور ضرورت کے مطابق اسٹیڈیم میں توسیع کی جائے گی۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم کے باکسز میں سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ جدید کاری کا کام موثر اور تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔